پاکستانیخبریں

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ آج لاہور میں ہوگا،تیاریاں مکمل

پی ڈی ایم کے لاہو رکے جلسے میں ملک بھر سے اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان شریک ہوں گے۔

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ آج مینار پاکستان پر منعقد ہوگا جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جلسے میں تحریک کے اگلے مراحل کے اعلان کیا جائے گا۔ جلسے میں پی ڈی ایم کے اتحاد میں شامل جماعتوں کی قیادت اور مرکزی رہنما شریک ہوں گے، جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔ حکومت نے پی ڈی ایم کو جلسے کی باضابطہ اجازت نہیں دی اور اسی تناظر میں امن و امان کو قابو میں رکھنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

جلسے کی سیکیورٹی کے فرائض جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے سپرد کیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم جلسےکے لیے سیکیورٹی کی ذمہ داری جے یو آئی کی تنظیم انصار الاسلام کو دی گئی ہے جس کے 3000 رضاکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ جلسہ گاہ میں علی الصبح دھند کا راج رہا اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ جلسے کے لیے کارکنوں کو دوپہر دو بجے کا وقت دیا گیا ہے لیکن دھند اور سردی کے باوجود سیاسی جماعتوں کے کارکن صبح صبح ہی جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

پی ڈی ایم کے لاہو رکے جلسے میں ملک بھر سے اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان شریک ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے تمام کارکنان کو ہر طرح کی رکاوٹیں عبور کر کے لاہور پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اراکین اسمبلی، عہدیدار او رٹکٹ ہولڈرز کارکنوں کے ہمراہ پنڈال میں پہنچیں گے۔ یہ بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ کارکنوں کو جہاں پر روکا جائے وہیں پر دھرنا دیدیا جائے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل پی ڈی ایم کی قیادت اور سینئر رہنماؤں کے درمیان مشاورت ہو گی جس میں تحریک کے آئندہ مراحل کیلئے حتمی فیصلوں پر غوروخوض کر کے اس کا جلسے میں اعلان کیا جائے گا،پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم رہنماؤں کے درمیان ملاقات ظفر علی روڈ پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کے گھر مریم نواز کی جانب سے پی ڈی ایم کی قیادت اور سینئر رہنماؤں کو دئیے جانے والے ظہرانہ کے موقع پر ہو گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرینگے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کی قیادت نے بھی اپنے کارکنوں کو جلسے میں بھرپو رشرکت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے بھی امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کرکے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور کی قیادت میں کارکنوں نے پریس کلب سے مینار پاکستان تک ریلی بھی نکالی۔ بلاول بھٹو زرداری 12 بجے بلاول ہاؤس لاہور سے روانہ ہوں گے جہاں سے جمیل منج ان کا استقبال کریں گے۔بلاول بھٹو بذریعہ رنگ روڈ گجومتہ پہنچیں گے جہاں ثمینہ گھرکی ان کا استقبال کریں گی۔ یوحنا آباد میں عمران اٹھوال ان کا استقبال کریں گے۔پاک عرب سوسائٹی کے مقام پر شیخ مقبول کارکنوں کے ہمراہ ان کا استقبال کریں گے،اسماعیل نگر پر عاصم بھٹی استقبال کریں گے،لبرٹی چوک حاجی عزیز الرحمن چن استقبال کریں گے۔

ٹیگز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close
Close