fbpx
خبریں

احتساب عدالت سے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ

پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے بعد حکومت سازی اور دیگر سیاسی سرگرمیوں پر انڈپینڈنٹ اردو کی لائیو اپ ڈیٹس۔

  • سینیٹ کی چھ نشستوں پر ضمنی انتخابات آج: پولنگ جاری
  • اسلام آباد کی ایک، سندھ کی دو اور بلوچستان کی تین نشستوں پر مقابلہ
  • پشاور ہائی کورٹ: سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواستیں خارج
  • احتساب عدالت سے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ

14 مارچ دن 1بجکر 35 منٹ

پشاور ہائی کورٹ: سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواستیں خارج

پشاور ہائی کورٹ نے جمعرات کو سنی اتحاد کونسل کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے دائر درخواستیں خارج کردیں۔

نامہ نگار اظہار اللہ کے مطابق جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں جسٹس اعجاز انور، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور سید ارشد علی پر مبنی پانچ رکنی لارجر بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی.

عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعدازاں یہ درخواستیں خارج کردی گئیں۔


14 مارچ دن 1بجکر 10 منٹ

احتساب عدالت سے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحب زادوں حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

نامہ نگار مونا خان کے مطابق حسن نواز اور حسین نواز نے عدالت کے سامنے سرینڈر کر دیا جس کے بعد احتساب عدالت نے عدالتی عملے سے ان کی حاضری لگانے کا کہا اور دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے استفسار کیا کہ ’ملزم پر کتنے کیسز ہیں؟‘

وکیل  قاضی مصباح نے عدالت کو بتایا کہ ’تین کیسز میں عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، ایون فیلڈ ریفرنس میں اس عدالت سے سزا پانے والے ملزمان بری ہو گئے ہیں۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بری ہو گئے ہیں۔‘

جس کے بعد عدالت نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

 عدالتی حاضری کے بعد حسن نواز اور حسین نواز نے بریت کی درخواستیں دائر کر دیں جس پر احتساب عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔

احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کا اشتہاری کا سٹیس ختم کرتے ہوئے 50،50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔

ضمانت کی درخواست پر نیب سے کل تک تمام کیسز کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد حسین نواز نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو نے سے کہا کہ ’12 اکتوبر کو سیاسی انتقام کا آغاز ہوا، مجھے وزیر اعظم ہاؤس سے گرفتار کیا گیا تھا، مجھے کئی ماہ پابند سلاسل رکھا گیا، مجھے بعد ازاں جلا وطن کردیا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نیب میں کافی کچھ تبدیلی آئی ہے کچھ ہونا چاہیے تاکہ آئندہ سیاسی انتقام نہ ہو، میرا حکومت کے کسی عہدے سے کوئی تعلق نہیں۔‘

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ ’کیا آپ سمجھتے ہیں عمران خان کو شفاف ٹرائل کا حق ملنا چاہیے؟‘

 اس پر انہوں نے کہا کہ ’جہاں تک شفاف ٹرائل کا حق ملنا چاہیے، ہر کسی کو شفاف ٹرائل کا حق ملنا چاہیے۔‘


14 مارچ دن 12 بجکر 50 منٹ

سینیٹ ضمنی انتخابات: وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف نے ووٹ کاسٹ کر دیا

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سینیٹ کے ضمنی انتخابات 2024 کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے اور سابق وزیراعظم نواز شریف دونوں نے ووٹ کاسٹ کر دیا۔

 


14 مارچ دن 12 بجکر 05 منٹ

بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری

صوبہ بلوچستان کی اسمبلی میں سینیٹ کے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کے ارکان سینیٹ کے ضمنی انتخابات کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

بلوچستان سے سینیٹ کی تین نشستوں پر سات امیدوار مدمقابل ہیں۔


14 مارچ صبح 11 بجکر 05 منٹ

ایم کیو ایم پاکستان نے سینیٹ انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا: فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے انڈپینڈنٹ اردو کی نگار قرۃ العین شیرازی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے سینیٹ انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا ہے اور اس حوالے سے مقامی ذرائع ابلاغ پر چلنے والی خبریں درست نہیں۔

ان کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست کے لیے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے سے متعلق فیصلہ زیر غور ہے جس کے حوالے سے پارٹی اجلاس بھی جاری ہے۔


14 مارچ صبح 9 بجکر 25 منٹ

سینیٹ کی چھ نشستوں پر ضمنی انتخابات: پولنگ کا آغاز ہو گیا

عام انتخابات 2024 میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کی سینیٹ نشستوں پر پولنگ کا آغاز ہو گیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کی نامہ نگار قرۃ العین شیرازی کے مطابق قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا۔

پہلا ووٹ جمیعت علمائے اسلام کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کاسٹ کیا۔

اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری الیاس مہربان اور پیپلزپارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہے۔

صوبہ سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے جام سیف اللہ خان اور محمد اسلم ابڑو جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے نذیراللہ اور شازیہ سہیل امیدوار ہیں۔

بلوچستان سے سینیٹ کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے سات امیدوار مدمقابل ہیں۔


14 مارچ صبح 9 بجکر 15 منٹ

حسن نواز اور حسین نواز آج اسلام آباد احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

نامہ نگار ارشد چوہدری کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسن نواز شریف اور حسین نواز شریف آج اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کے برطانیہ میں مقیم صاحبزادے حسن اور حسین نواز منگل کو پاکستان پہنچے تھے۔

سپریم کورٹ میں پانامہ فیصلے کے نتیجے میں بننے والے ریفرنسز میں نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کے ساتھ حسن نواز اور حسین نواز بھی شریک ملزمان تھے۔

احتساب عدالت نے سات سال قبل عدم پیشی پر دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے چھ جولائی 2018 کو ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

بعدازاں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سات مارچ 2024 کو حسن نواز اور حسین نواز کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا موقع دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری گذشتہ ہفتے معطل کیے تھے اور سماعت 14 مارچ تک ملتوی کی تھی۔


14 مارچ صبح 9 بجکر 00 منٹ

سینیٹ کی چھ نشستوں پر انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت شروع

پاکستان میں عام انتخابات 2024 میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کی سینیٹ نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہو چکا ہے۔

ان انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت صبح نو سے شام چار بجے تک مختص کیا گیا ہے۔


14 مارچ صبح 8 بجکر 10 منٹ

سینیٹ کی چھ نشستوں پر انتخاب آج: پولنگ صبح نو سے شام چار تک ہو گی

پاکستان میں عام انتخابات 2024 میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کی سینیٹ نشستوں پر انتخابات آج ہوں گے۔

ان انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت صبح نو سے شام چار بجے تک مختص کیا گیا ہے۔

جن چھ نشستوں پر انتخابات ہونے ہیں ان میں اسلام آباد کی ایک، سندھ کی دواور بلوچستان کی تین خالی نشستیں شامل ہیں۔

ان نشستوں پر انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں پولنگ ہو گی۔

اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری الیاس مہربان اور پیپلزپارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہے۔

صوبہ سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے جام سیف اللہ خان اور محمد اسلم ابڑو جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے نذیراللہ اور شازیہ سہیل امیدوار ہیں۔

بلوچستان سے سینیٹ کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے سات امیدوار مدمقابل ہیں۔

سینیٹ کی یہ چھ نشستیں یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفورحیدری، نثارکھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور میر سرفرازبگٹی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔




Source link

Facebook Comments

Related Articles

رائے دیں

Back to top button