بلاگ

اکبر ثانی : عنایت علی خان /خالد مصطفی

ہدایت علی خان ریونیو انسپکٹر ٹونک کے ہاں 1935 میں عنایت علی خان کا جنم ہوا۔شاعری ورثے میں ملی۔ داد نانا اور والد سب شعر کہتے تھے۔آپ نے مزاحیہ شاعری کو اپنی شناخت کا حوالہ بنایا۔ چھوٹے بھائی کی بسم ﷲ پر پہلا شعر کہا۔ قیام پاکستان کے ایک سال بعد  حیدرآباد سندھ آگئے اور تا دم مرگ اسی شہر  میں مقیم رہے۔سٹی کالج حیدرآباد سے بی اے اور  بی ٹی کیا۔ 1962ء میں سندھ یونیورسٹی سے ایم اے کیا اور تدریس کے پیشے سے وابستہ ہو گئے۔پٹارو کیڈٹ کالج میں سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق چیئرمین کرکٹ بورڈ ذکا اشرف آپ کے تلامذہ میں شامل رہے۔عنایت علی خان کے اجداد کا پیشہ سپہ گری تھا۔دادا انسپکٹر، نانا سپرنٹنڈنٹ پولیس رہے۔ دونوں شعر کہتے تھے۔
والد ، ہدایت علی خان ٹونک میں ریونیو انسپکٹر تھے اور اپنے بزرگوں کی تقلید میں اکبر الہ آبادی کے رنگ میں اشعار کہتے تھے۔ عنایت علی خان نے اسی اسلوب کو اپنایا اور شگفتگی کا دامن کبھی نہ چھوڑا۔ شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ عالم دین بھی تھے اور عمر بھرجماعت اسلامی سے منسلک رہے۔میری حیدرآباد تعیناتی کے دوران ان سے چند ملاقاتیں ہوئیں تو ان کی شخصیت کے کچھ پوشیدہ پہلو سامنے آئے۔وہ سنت نبوی پر سختی سے عمل پیرا تھے۔ میں اور ساجد نقوی ایک بار ان کے ہاں گئے اور انہوں نے چائے سے ہماری تواضع کی۔ساجد نقوی نے پیالی میں تھوڑی چائے چھوڑ دی تو عنایت علی خاں صاحب نے وہ بچی ہوئی چائے خور پی لی اور کہا کہ برتن میں کھانے پینے کی چیز چھوڑنا خلاف سنت ہے اس لئے میں نے یہ چائے پی لی تاکہ سنت پوری ہو جائے۔ وہ کتابوں کے رسیا تھے اور کتب خرید کر پڑھنے کے قائل تھے۔ حیدرآباد کے ایک مشاعرے میں ہم نے اکٹھے شرکت کی۔مشاعرہ گاہ کے قریب کتب کی نمائش کا بھی اہتمام تھا۔ انہیں جب مشاعرے کی انتظامیہ نے اعزازیہ دیا تو انھوں نے فورا کتاب میلے کی راہ لی اور اس رقم سے کتب خرید کر اپنے بیگ میں رکھ لیں۔ آپ نے میدان سیاست میں بھی قدم رکھا اور 1970 کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا مگر کامیاب نہ ہوئے۔آپ نے ایک عرصے تک کالم نگاری بھی کی۔نصاب مرتب کرنے کے سلسلے میں وزارت تعلیم سندھ سے بھی وابستہ رہے۔ ایک بھرپور زندگی گزارنے کے بعد 26 جولائی 2020 کو راہی ملک عدم ہوئے۔

تبصرے

ٹیگز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close