fbpx
خبریں

12 سالہ فلسطینی لڑکے کا خواب جو اس کی موت کے بعد پورا ہوا

اگست 2022 میں پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں، عونی الدوس مائیکروفون پکڑے مسکراتے ہوئے اپنے یوٹیوب گیمنگ چینل کے لیے اپنے عزائم کا اعلان کر رہے تھے اور ان کا خواب ان کی موت کے بعد پورا ہوا۔

عونی الدوس نے کہا، ’تو اب دوستو، میں اپنا تعارف کرواتا ہوں: میں غزہ سے تعلق رکھنے والا فلسطینی ہوں، جس کی عمر 12 سال ہے۔ اس چینل کا ہدف ایک لاکھ صارفین، پانچ لاکھ یا دس لاکھ تک پہنچنا ہے۔‘

اس مختصر ویڈیو ختم کرنے سے پہلے وہ اپنے 1000 فالوورز سے کہتے ہیں: ’امن۔‘ صرف ایک سال بعد، عونی الدوس کا شمار بھی ان فلسطینی بچوں میں ہونے لگا جو جنگ میں جان سے گئے ہیں۔

بی بی سی نیوز کے مطابق ان کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل میں گھسنے کے چند گھنٹوں بعد اسرائیلی فضائی حملوں میں عونی کے اہل خانہ کے گھر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

عونی کی ویڈیو کو اب تک لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے اور خاموشی سے کمپیوٹر گیمز کھیلنے کی دیگر ویڈیوز کو بھی لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔ ان کے یوٹیوب چینل کو تقریباً 15 لاکھ لوگ سبسکرائب کر چکے ہیں۔

اپنی خالہ علا کے لیے، وہ ایک خوش، پراعتماد اور مدد کرنے والا لڑکا تھا۔ خاندان کے ایک اور رکن نے کمپیوٹر سے محبت کی وجہ سے عونی کو ’انجینیئر‘ کہا۔

دیگر کے لیے یہ 12 سالہ اداکار غزہ کی پٹی میں مرنے والے بچوں کی نمائندہ علامت بن گیا ہے۔ ان کی ویڈیو پر ایک تبصرہ یہ ہے کہ ’برائے مہربانی ہمیں معاف کر دیں۔ کاش ہمیں مرنے سے پہلے ہی معلوم ہوتا۔‘

غزہ وزارت صحت کے بقول لڑائی کے آغاز سے اب تک وہاں 20 ہزار سے زائد افراد جان سے گئے ہیں اور ان میں سے ایک تہائی سے زیادہ بچے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے اسے ’دنیا میں بچوں کے لیے سب سے خطرناک جگہ‘ قرار دیا ہے۔

’یہ اچانک ہوا تھا‘

سات اکتوبر کو جب اسرائیل نے کارروائی شروع کی، علا نے سوچ لیا تھا کہ غزہ شہر میں ان کا آبائی گھر تباہ ہو گیا ہے۔ اس رات، تقریباً 8:20 بجے ان کے فون پر دوستوں کے پیغامات آنا شروع ہوگئے۔عونی کے والدین کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا۔

ضلع زیتون کے نواح میں ایک تین منزلہ عمارت کی ہر منزل پر ایک خاندان قیام پذیر تھا۔ عونی اپنے والدین، دو بڑی بہنوں اور دو چھوٹے بھائیوں کے ساتھ ایک ہی منزل پر رہتا تھا۔

اکتوبر میں ہوئے اس حملے کی دستاویز ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے بھی تیار کی تھی۔

عونی کے انکل محمد نے کہا کہ ’اچانک عمارت سے دو بم ٹکرائے اور چھت گر گئی۔ میری بیوی اور میں خوش قسمت تھے کہ بچ گئے کیونکہ ہم سب سے اوپر کی منزل پر تھے۔‘

انہوں نے اور ایک پڑوسی دونوں نے کہا کہ انہیں کوئی انتباہ نہیں ملا۔

پڑوسی کہتے ہیں کہ ’یہ اچانک ہوا تھا۔‘

اسرائیلی فوج نے اس مخصوص حملے کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن کہا کہ اس نے ’عسکری اہداف‘ کو نشانہ بنایا اور حماس ’قریبی، دور دراز اور گنجان آباد علاقوں سے کام کر رہی ہے۔‘

’وہ فالوورز اور مداح چاہتا تھا‘

علا کو ان پیغامات پر یقین نہیں آ رہا تھا جو انہیں موصول ہوئے تھے۔

لیکن وائی فائی سے کنیکٹ ہونے کے بعد انہوں نے دیکھا کہ ایک قریبی خاندانی دوست نے سوشل میڈیا پر ان کے بھائی کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس کے کیپشن میں لکھا تھا: ’اللہ مغفرت فرمائے۔‘ وہ فوری طور پر ہسپتال پہنچیں۔

جنوبی غزہ، جہاں وہ اب بے گھر ہو چکی ہیں، سے ایک فیس بک پیغام میں کہتی ہیں: ’انہوں نے مجھ سے لاشیں دیکھنے کے لیے کہا، لیکن میرے شوہر نے انکار کر دیا… وہ چاہتے تھے کہ میں ان کے اس وقت کے خوبصورت چہرے یاد کروں جب وہ زندہ تھے۔‘

علا کہتی ہیں کہ اس رات عونی سمیت ان کے خاندان کے 15 افراد مارے گئے۔

علا کا کہنا ہے کہ عونی ایک پرسکون اور مدد کرنے والا لڑکا تھا۔

اس کے والد ایک کمپیوٹر انجینیئر تھے اور علا کا کہنا ہے کہ جہاں تک انہیں یاد ہے، عونی اپنے والد کی نقل کرتا، لیپ ٹاپ کھولتا اور پھر دوبارہ جوڑنے کی کوشش کرتا تھا۔

اپنے فیس بک پیج پر شیئر کی گئی تصاویر میں، عونی کلاس میں ایک کمپیوٹر مدر بورڈ پکڑے ایک بلیک بورڈ کے سامنے کھڑے ہیں۔ وہ ’لٹل ٹیچرز‘ پروگرام کے حصے کے طور پر ٹیکنالوجی کا سبق پڑھا رہے تھے۔

ان کے سکول کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے بہت سے ایوارڈ جیتے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کی موت کے کچھ ہی دیر بعد ان کے ایک استاد نے عونی کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لڑکا ’ہمیشہ مسکراتا رہتا تھا۔‘

علا کہتی ہیں کہ سکول سے باہر، عونی کو ان کے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے میں مزہ آتا تھا۔

علا عونی اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو دیکھتی ہیں جس میں وہ ایک دوسرے کے ساتھ چپس اور چاکلیٹ شیئر کر رہے تھے اور کہتی ہیں کہ ’یہ ایک بہت خوبصورت رات تھی۔‘

انہوں نے آخری بار عونی کو ان کی موت سے تین ہفتے پہلے اس وقت دیکھا تھا جب انہوں نے ایک ساتھ ناشتہ کیا تھا۔

عونی کو ہمیشہ سے کمپیوٹر اور گیمز کا شوق تھا اور انہیں وہ یوٹیوبرز پسند تھے جنہوں نے شوق کو کیریئر میں بدل دیا۔

علا کہتی ہیں، ’وہ ان کی طرح بننا چاہتا تھا – فالوورز اور مداح چاہتا تھا۔‘

عونی نے اپنا یوٹیوب چینل جون 2020 میں شروع کیا تھا۔ ان کی ویڈیوز میں، فٹ بال، ریسنگ گیم اور فرسٹ پرسن شوٹنگ گیم کاؤنٹر سٹرائیک کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ایک ویڈیو میں عونی اور ان کے چچا نے چینل پر ’خصوصی‘ مواد کا وعدہ اور اعلان کیا کہ ’یہ ایک دھماکہ ہوگا۔‘


مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔




Source link

Facebook Comments

Related Articles

رائے دیں

Back to top button